قوم کو بزدلی اور اشتعال انگیزی سے بچانا ہماری ذمہ داری:قاری عبدالمعید چودھری

جمعیۃ علماء اناؤ کے شہری یونٹ کے مولانا بلال حسین ثاقبی صدر، مولانا محمد عمران قاسمی جنرل سیکریٹری منتخب

 

اناؤ:۔جمعیۃ علماء ہند اپنے امور کی انجام دہی کے لیے اپنے اصولی و دستوری لحاظ سے باضابطہ انتخاب کراتی ہے۔اسی ضمن میں آج 12 اپریل بروز پیر گیارہ بجے دن میں مدرسہ افتخار العلوم قاسم نگر شہر اناؤ میں جمعیۃ علما شہری یونٹ کا قیام اگلے تین سالہ میقات کے لیے عمل میں لایا گیا۔ مذکورہ خیالات کا اظہار بطور مشاہد کے تشریف لائے مہمان قاری عبدالمعید چودھری سکریٹری جمعیۃعلماء اتر پردیش نے کیا۔ قاری چودھری نے فرمایا کہ جمعیۃ علماء اپنے اغراض و مقاصد پر گامزن ہیں۔ملک میں جہاں بھی ضرورت ہو کسی بھی قدرتی آفات کے وقت عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہتی ہے۔ ہمارا مقصد بلا تفریق عوام کی خدمت کرنا ہے، اور قوم کواس نازک حالات اشتعال انگیزی سے بچاکر ہمت و حوصلہ دینے کی ضرورت ہے، ہم سب آپس میں رفیق بن کر کام کریں نہ کہ فریق بن کر۔
اسی طرح کانپور سے آئے ہوئے مہمان مولانا مفتی اظہار مکرم قاسمی سکریٹری جمعیۃعلماء شہر کانپور نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ جمعیۃ علماء ایک دستوری و رفاہی تنظیم ہے۔جس کا مقصد غریب مجبور اور بے سہاروں لوگوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر ان کی مدد کرنا ہے جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت سے اخذ کیاگیاہے۔ جمعیۃ علماء ہند اول روز سے آج تک انسانیت اور ملک کی ترقی اور فلاح کی بات کی ہے بلا تفریق مذہب ہر ظلم اور انصافی کے خلاف آواز بلند کی ہے۔
موجود حضرات سے مفتی اظہار مکرم قاسمی نے کہا کہ ہم اس عظیم جماعت سے وابستہ ہو کر اپنے ملک قوم اور تمام انسانیت کی خدمت کا جذبہ لے کر خدمت خلق سے متعلق اسلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں اور اللہ کے پسندیدہ بندوں میں ہمار بھی شمار ہوجائے۔ یہی اس جماعت سے جڑنے کی نیت ہونی چاہیے۔نائب صدور میں مولانا محمد عارف قاسمی، مولانا محمد ذاکر ثاقبی اور خزانچی کے لئے حافظ محمد طارق کا انتخاب ہوا۔
نو منتخب صدر مولانا بلال حسین ثاقبی نے کہا کہ آپ لوگوں نے جو ذمہ داری احقر کے سپرد کی اب آپ حضرات کے تعاون سے  ہی کام۔ ہوگا ہمارا عزم ہے انشاء اللہ شہر اناؤ کے گھر گھر جمعیۃ علماء کے پیغام کو پہنچایا جائے۔اس موقع بطور خاص مولانا محمد مبین ندوی، حافظ محمد شفیع اویس مولانا رضوان، حاجی عبدالولی، محمد ذیشان، حافظ محمد ہارون، محمد سلمان، محمد یاسین، فراز الہدی وغیرہ موجود رہے۔