رمضان کی تیاری اس کے آنے سے پہلے کرلیں: مفتی سید محمد عثمان قاسمی

مسجد شیخ کلن پھول والی گلی میں جلسہ استقبال رمضان کا انعقاد

کانپور:۔ مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی کی نگرانی میں جمعیۃ علماء شہر و مجلس تحفظ ختم نبوت کانپور کے زیر اہتمام منائے جا رہے استقبال رمضان عشرہ کے تحت مسجد شیخ کلن پھول والی گلی میں مسجد کے امام وخطیب مفتی عبد الرشید قاسمی صدر محکمہ شرعیہ و دارالقضاء کانپور کی صدارت میں جلسہ استقبال رمضان منعقد ہوا۔
 جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے تشریف لائے کل ہند اسلامک علمی اکیڈمی کے مؤقر رکن مولانا مفتی سید محمد عثمان قاسمی الحسینی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم رمضان کی تیاری رجب کے مہینے سے ہی شروع کردیا کرتے تھے، چنانچہ رجب کا چاند دیکھتے وقت دعاء مانگا کرتے تھے کہ اے اللہ ہمارے لئے رجب اور شعبان میں برکت عطا فرما، اور اس میں اتنی زندگی عطافرما کہ ہم رمضان کی برکتوں سے مستفیض ہوں۔ جب ہم سب کے آقا محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم اتنا پہلے سے رمضان کی تیاری کرتے تھے تو ہمیں بھی چاہئے کہ ہم رمضان کی تیاری اس کے آنے سے پہلے کرلیں۔  مفتی صاحب نے فرمایا کہ ہم دنیا میں جب کوئی اہم کام کرتے ہیں تو اس کی تیاری بہت پہلے سے شروع کر دیتے ہیں مثلاً! گھر میں جب کوئی شادی ہوتی ہے تو اس کی تیاری بہت پہلے سے شروع کر دیتے ہیں۔لہٰذا ہم کو رمضان کی تیاری بھی پہلے سے شروع کردینی چاہئے اور اس کے لئے ضروری ہے کہ ہم رمضان کیلئے ایک نظام ابھی سے ترتیب دے دیں اور جو کام رمضان سے پہلے رمضان کے واسطے کرسکتے ہیں مثلاً! افطار و سحری کا انتظام اس کو ہم رمضان سے پہلے ہی انجام دے دیں۔ رمضان میں خاص طور پر زیادہ سے زیادہ عبادات، تلاوت، صدقہ خیرات کا اہتمام کریں۔ اگر کسی سے کوئی لڑائی جھگڑا، ناراضگی ہو تو رمضان سے پہلے آپس میں معافی تلافی کر لیں۔ مفتی صاحب نے فرمایا ماہ رمضان میں ہمیں سڑکوں پر کھلم کھلا کھانے پینے سے پرہیز کرنا چاہیے کیونکہ یہ احترام رمضان کے منافی ہے۔