شہری جمعیۃ کے آئندہ 3 سالہ ٹرم کیلئے ڈاکٹر حلیم اللہ خان دوبارہ صدر منتخب

جمعیۃ علماء وسط یوپی کے جنرل سکریٹری مفتی محمد ظفر قاسمی کی نگرانی جمعیۃ علماء شہر کانپور کا انتخابی اجلاس منعقد، نائب صدور میں مولانا محمد اکرم جامعی کا اضافہ

کانپور۔ جنگ آزادی میں قائدانہ کردار ادا کرنے والی، غریبوں، کمزوروں اور مظلوموں کا سہارا، سرمایہ ملت کی نگہبان، مسلمانانِ ہند قدیم، متحرک اور فعال جماعت جمعیۃ علماء ہند کی جدید ممبر سازی کا عمل مکمل ہونے بعد آئندہ 3 سالہ ٹرم کیلئے جمعیۃ علماء شہر کانپور کا انتخابی اجلاس وسط اترپردیش کے جنرل سکریٹری مولانا مفتی محمد ظفر قاسمی کی نگرانی میں منعقد ہوا جس میں تمام اراکینِ منتظمہ نے اتفاق رائے سے ڈاکٹر حلیم اللہ خان کو ایک بار پھر صدارت کی ذمہ داری سونپ دی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مفتی محمد ظفر قاسمی نے کہا کہ پورے صوبہ اور ملک میں جہاں کہیں جانا ہوتا ہے، لوگ جمعیۃ علماء شہر کانپور کے کاموں کو بطور نمونہ پیش کرتے ہیں۔ گزشتہ سالوں میں مجاہد اسلام حضرت مولانا محمد متین الحق اسامہ صاحب قاسمی رحمۃاللہ علیہ کی نگرانی میں شہری جمعیت نے جو کارہائے نمایاں انجام دیے ہیں اپنے آپ میں مثال ہیں۔ مفتی ظفر نے کہا کہ اس وقت ملک اور یہاں باشندوں کو حضرات صوفیاء کرام کے راستے پہ چل کر ہی امن و سکون اور ترقی و کامیابی حاصل ہوسکتی ہے اور حضرات صوفیاء کا پیغام اور ان کی تعلیمات گھر گھر پہنچانے میں جمعیۃ علماء شہر کانپور کا کردار آب زر سے لکھے جانے کے قابل ہے۔ حضرت مولانا اسامہ قاسمی کی رحلت کے بعد ہمیں ان تمام کاموں کو پہلے سے زیادہ منظم اور مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھانا ہے۔
اس سے قبل تلاوت کلام پاک سے اجلاس کا آغاز ہوا، جنرل سکریٹری مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے اجلاس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی، دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء شہر کانپور کے جنرل سکریٹری مولانا انصار احمد جامعی نے عہدہ صدارت کے لئے ڈاکٹر حلیم اللہ خان کا نام پیش کیا جسے اتفاق رائے سے منظور کرلیا گیا۔ چار نائب صدور میں مولانا نورالدین احمد قاسمی، مولانا محمد انیس خاں قاسمی اور جناب محمود عالم قریشی کے ناموں میں بھی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ سابق نائب صدر جناب حبیب اللہ صاحب مرحوم کی خالی جگہ کیلئے رکن منتظمہ مفتی اظہار مکرم قاسمی نے شہری جمعیۃ کے قدیم سکریٹری اور معروف عالم مولانا محمد اکرم جامعی کا نام رکھا جسے مجلس منتظمہ نے منظوری دیدی، اسکے علاوہ خزانچی مولانا انیس الرحمان قاسمی اور محاسب مولانا آفتاب عالم قاسمی کو بھی اپنی حالت پہ باقی رکھا گیا۔
مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے بتلایا کہ جمعیۃ علماء کے ذریعہ جاری کاموں کو مزید وسعت دینے اور منظم کرنے کیلئے شہر کو ودھان سبھا کے حساب سے 7 الگ الگ حصوں میں تقسیم کرکے مستقل یونٹیں تشکیل دی جائیں گی اور اسی اعتبار سے ذمہ داریاں تقسیم کی جائیں گی۔
اجلاس میں شہری جمعیۃ علماء کے سینئر رہنما جناب زبیر احمد فاروقی سکریٹری اور مولانا نورالدین احمد قاسمی نائب صدر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مفتی محمد ظفر قاسمی کی دعا پر اجلاس اختتام پذیر ہوا۔ شرکاء میں صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خان، جنرل سکریٹری مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی، نائب صدور مولانا نورالدین احمد قاسمی، مولانا انیس خاں قاسمی، نومنتخب نائب صدر مولانا محمد اکرم جامعی، چزانچی مولانا انیس الرحمان قاسمی، سکریٹریان جناب زبیر احمد فاروقی، قاری عبدالمعید چودھری، مولانا عقیل احمد جامعی کے علاوہ مفتی عبدالرشید قاسمی، قاری مجیب اللہ عرفانی، مولانا انصار احمد جامعی، مفتی اسعدالدین قاسمی، مولانا محمد فریدالدین قاسمی، مفتی اظہار مکرم قاسمی، جناب شارق نواب، مولانا کلیم احمد جامعی، مولانا برکت اللہ، مولانا امیر حمزہ قاسمی سمیت شہری جمعیۃ کے اراکینِ مجلس منتظمہ و مدعوئین خصوصی موجود تھے۔