تراویح کے لیے لوگ مسجدوں میں بھیڑ نہ لگائیں، اپنے گھروں میں نماز و تراویح کا کریں اہتمام: سید غلام عبد الصمد میاں چشتی





پھپھوند. حکومت ہند کی جانب سے تین مئی تک پورے ملک میں لاک ڈاؤن جاری ہے، جبکہ اگلے ہفتے سے رمضان المبارک کا مہینہ شروع ہونے والا ہے، ایسے میں قاضی شہر اوریا مولانا سید غلام عبدالصمد میاں چشتی نے لوگوں سے گزارش کی کہ نماز تراویح اجتماع کی شکل میں مسجد میں ادا نہ کریں، جس طرح آپ نماز پنجگانہ، نماز جمعہ کی جگہ نماز ظہر اپنے اپنے گھروں میں ادا کررہے ہیں اسی طرح نماز تراویح کو بھی اپنے گھروں میں ادا کریں، جس طرح چند لوگوں کے ساتھ مسجدوں میں نماز وجماعت  ہورہی ہے بس اتنی ہی تعداد کے ساتھ نماز تراویح بھی مسجدوں میں ادا کریں تاکہ سنت موکدہ کفایہ ادا ہو جاے، اگر کوئی حافظ قرآن دستیاب ہو تو بغیر بھیڑ اکٹھا کئے اپنے گھروں میں ختم تراویح پڑھیں ورنہ سورہ تراویح پڑھیں، 

قاضی شہر مولانا سید غلام عبدالصمد میاں چشتی نے لوگوں سے گزارش کی کہ کوئی بھی ایسی حرکت نہ کریں جس سے آپ کے مذہب یا آپ پر حرف آئے،اس کے علاوہ جو لوگ حکومت کی جانب سے آپ کی حفاظت اور خدمت کے لیے مامور کئے گئے ہیں آپ ان کا ہر ممکن تعاون پیش کریں ،ان کے ساتھ بد اخلاقی نہ کریں بلکہ حفاظتی تدابیر پہ سختی سے عمل کریں، انہوں نے اپنے جاری بیان میں فرمایا کہ رمضان کریم کی رویت کا لوگ اہتمام کریں اور رمضان شریف میں نہ ہی افطار کے لیے مسجد جائیں اور نہ ہی افطار پارٹی کا اہتمام کریں بلکہ ہو سکے تو دیگر مہینوں کی بہ نسبت اس ماہ مبارک میں غریبوں، یتیموں اور بے سہارا لوگوں کا خصوصی اور زیادہ خیال رکھیں، انہوں نے اس موقع پہ لوگوں سے گزارش کی کہ جامعہ صمدیہ پھپھوند شریف جو اہل سنت کا ایک عظیم دینی وملی ادارہ ہے، آپ حضرات جامعہ صمدیہ کے تعاون کا بھی خاص خیال رکھیں،یوں ہی دیگر مدارس اہل سنت کا بھی خصوصی خیال رکھیں،اس ماہ مبارک میں عبادت، روزہ و تراویح اور صدقات و خیرات کا اہتمام کریں، کثرت سے توبہ و استغفار اور تلاوت قرآن کریں۔ اپنے رب کے حضور اوقات مبارکہ میں مثلا سحر و افطار کے وقت خصوصیت کے ساتھ دعا کریں کہ اللہ کریم اس مہلک وبا اور بلا سے تمام عالم انسانیت کو نجات عطا فرماے۔