جس نے میلاد کی تعظیم کی اس نے دین کو زندہ کر دیا

تنظیم یوم النبی ﷺ بانسمنڈی کے زیر اہتمام منایا گیا جشن عید میلاد النبی



کانپور، ۱۱نومبر۔جب کائنات میں کفر و شرک و حشت و بربریت کا گھپ اندھیرا چھایا ہوا تھا۔ ایسے میں اﷲ نے اپنے محبوب حضرت محمد مصطفی ﷺ کو 12 ربیع الاول شریف بروز پیر صبح صادق کے وقت حضرت آمنہؓ کے بطن پاک سے شہر مکہ میں اپنے محبوب ﷺ کو دنیا میں بھیج کر سارے جہاں کو روشن و جگ مگ جگ مگ کر دیا۔ حضرت عثمان بن ابی العاسؓ کی والدہ کہتی ہیں کہ جس وقت پیغمبر اسلام حضرت مصطفی ﷺ دنیا میں تشریف لائے تو ایسا لگتا تھا کہ آسمان کے سارے ستارے زمین پر گر پڑیں گے۔ پیغمبر اسلام کی ولادت پر یہ اﷲ کی جانب سے جشن چراغاں تھا۔ ہمیں بھی پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی ﷺ کی ولادت پر خوب خوب جشن چراغاں کرنا چاہئے اور گھروں-محلوں اور شہر-شہر ہر جگہ جشن چراغاں کرتے رہنا چاہئے۔
 مذکورہ خیالات تنظیم یوم النبی ﷺ بانسمنڈی میں منعقدہ جشن عید میلاد النبی ﷺ کے جلسے کو خطاب کرتے ہوئے رام نگر بنارس سے تشریف لائے حضرت مولانا مفتی ذاکر حسین نے بانسمنڈی چوراہے پر اظہار کیا۔
 آل انڈیا غریب نواز کونسل ک قومی صدر حضرت مولانا محمد ہاشم اشرفی نے کہا کہ خلیفئہ اول حضرت سیدنا صدیق اکبرؓ ارشاد فرماتے ہیں۔ وہ شخص جنت میں میرے ساتھ ہوگا جس نے میلاد لانبی پر ایک درہم بھی خرچ کیا۔ خلیفئہ دوئم حضرت سیدنا عمر فاروق اعظمؓ نے ارشاد فرماتے ہیں کہ جس نے میلاد النبی کی تعظیم کی اس نے دین کو زندہ کر دیا۔ خلیفئہ سوئم (تیسرے خلیفہ) حضرت سیدنا عثمان غنیؓ ارشاد فرماتے ہیں کہ جو میلاد پر ایک درہم بھی خرچ کرے گا اس کو جنگ بدر کے شہداءکے برابر ثواب ملے گا۔ خلیفئہ چہارم (چوتھے خلیفہ) حضرت مولیٰ علیؓ ارشاد فرماتے ہیں کہ میلاد النبی منانے والا دنیا سے ایمان کی نعمت لیکر جائے گا اور بغیر حساب کے جنت میں داخل ہوگا۔
 حضرت مولانا ثاقب ادیب مسباہی نے کہا کہ پیغمبر اسلام ﷺ نے دنیا میں تشریف لاتے ہی سجدہ کیا۔ اس سجدے کے صدقے میں ہمیں سجدوں کی توفیق نصیب ہو جائے اور اﷲ ہمکو پانچوں وقت کی نمازیں مسجد میں تکبیر اولیٰ کے ساتھ صف اول میں پڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ ہر مسلمان مرد اور عورت پر پانچ وقت کی نماز فرض ہے۔ نماز مومن کی معراج ہے۔ نماز پیغمبر اسلام کی آنکھوں کی ٹھنڈک ہے۔ نماز پڑھنے سے قلب کو سکون حاصل ہوتا ہے۔ نماز پڑھنے سے ہر طرف کی پریشانی دور ہو جاتی ہے۔ نماز پڑھنے سے آل اولاد اور رزق میں برکت ہوتی ہے۔ ہر حال میں ہمیں نمازوں کی پابندی کر کے اﷲ اور اس کے رسول کو راضی کرنا چاہئے۔
 مولانا موصوف نے کہا کہ ہمیں ہر کام سنت کے مطابق کرنا چاہئے۔ پیغمبر اسلام ﷺ فرماتے ہیں، جس نے میری سنت سے محبت کی اس نے مجھ سے محبت کی اور جس نے مجھ سے محبت کی وہ جنت میں میرے ساتھ ہوگا۔
 اس سے قبل جلسے کی شروعات تلاوت قرآن پاک سے قاری عبدالرشید خطیب و امام مسجد بانسمنڈی نے کی اور بارگاہ رسالت میں معذور کانپوری، حافظ محمد شوکت علی، حافظ محمد اسد کانپوری، ثکلین وارث، غلام قادر سلطانی فتح پوری، قاری اویس رضا نے نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا۔
 جلسہ کی صدارت قاضی شہر کانپور مولانا عالم رضا خاں نوری و نظامت حضرت محمد آصف رضا حبیبی نے کی۔ اس موقع پر خاص طور سے حافظ عبدالرحیم بہرائچی، محمد شاہ اعظم برکاتی، شبیہ قدوس، فرقان وقار، ایراز توفیق، محمد سلیم، مولانا فیروز عالم، حافظ غلام جیلانی، انوار سادات وغیرہ لوگ موجود تھے۔