جامعہ صمدیہ کے ماہانہ پروگرام میں خواتین اسلام کی کثیر تعداد میں شرکت





پھپھوند. عورت دنیاے رنگ وبوکی وہ عظیم ترین نعمت ودولت ہے جس سے انسانی معاشرے کی عمدہ کارکردگی وابستہ ہے جبکہ عورت کے بغیر پرسکون ومنظم و مربوط سماج و معاشرہ کاہرگز تصور نہیں کیا جاسکتا ہے۔ لہذا بہت ضروری ہےکہ عورتیں اسلامی طرززندگی اوراصول وآداب سے واقفیت و آگاہی رکھتی ہوں، اسی ضرورت دینی وملی کو محسوس کرتے ہوے گزشتہ سال سے ہی ہر ماہ پابندی کے ساتھ عورتوں کو اسلامی طرززندگی سے واقفیت کرانے اور ان کو اسلامی سانچے میں ڈھالنے کے لیے جامعہ صمدیہ کے سربراہ اعلی مفکر اسلام مولانا شاہ سید محمد انور میاں صاحب قبلہ کی سربراہی اور ناظم اعلیٰ مولانا شاہ سید غلام عبدالصمد میاں چشتی قاضی شہر اوریا کی قیادت میں اجتماع خواتین اسلام کا پروگرام شرعی پردے کے ساتھ جامعہ صمدیہ میں منعقد ہوتا ہے۔ اسی سلسلہ میں بروز اتوارصبح دس تا ایک بجے پروگرام کا انعقاد جامعہ صمدیہ پھپھوند شریف میں ہوا۔

پروگرام سے بطور خصوصی جامعہ کے شیخ الحدیث و صدرالمدرسین مولانا مفتی محمد انفاس الحسن چشتی صاحب نے خطاب کیا اس موقع پہ انہوں نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ محبوب الہی خواجہ نظام الدین اولیا کی والدہ ماجدہ جو ایک بہت ہی عابدہ،زاہدہ اور متقیہ تھیں،ان کے پردے کا حال یہ تھا کہ ایک موقع پہ جب قحط پڑ گیا تو محبوب الہی نے ان کے آنچل کے واسطہ سے دعا کی اور عرض کیا کہ مولیٰ! یہ اس عورت کا آنچل ہے جس کی نظر کبھی غیر محرم پہ نہیں پڑی، چنانچہ دعا مقبول ہوئی اور خوب بارش ہوئی، مفتی انفاس الحسن چشتی صاحب نے عورتوں کو شرعی پردے کے علاوہ نماز اور تلاوت کی تاکید فرمائی اور کہا کہ اس سے جہاں آپ کی زندگی میں انقلاب آئے گا وہیں آپ کہ نسل بھی اس کے فوائد وبرکات سے مالامال ہوگی۔ پھر اخیر میں عورتوں کے جانب سے بذریعہ پرچی کئے گئے سوالات کا شرعی و اسلامی جواب بھی دیا گیا، کثیر تعداد میں خواتین نے اپنے سوالات بھیجے اور انہیں شرعی جواب دیا گیا۔

پروگرام سے جامعہ صمدیہ کے استاذ مولانا غلام جیلانی مصباحی نے بھی خطاب کیا اورانہوں نے اسلام کے  بنیادی مسائل سے خواتین کی ناواقفیت اجاگر کرتے ہوے بنیادی علم ومسائل کے حصول پہ زور دیا۔اس کے علاوہ مولانا غلام جیلانی مصباحی نے نیکی وپرہیزگاری اور کامیاب اور بامراد زندگی کے ساتھ ساتھ آخرت میں سرفرازی کے لیے خوف خدا کو لازم و ضروری قرار دیا اور فرمایا کہ بغیر خوف خدا کہ انسان ہرگز کامیاب نہیں ہوسکتا،انہوں نے اسلامی شعار و اسلامی کردار اختیار کرنے پہ زور دیا۔ پروگرام میں کثیر تعداد میں خواتین اسلام نے شرکت کیا، پھپھوند شریف اور قرب وجوار  کے علاوہ اوریا، اٹاوہ، طالع پور، بکھریا،سیگن پور، کرہی، سریا وغیرہ سے خصوصی طور پی خواتین اسلام نے شرکت کیا۔