اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول گرلس میں وجیلنس بیداری ہفتہ منایا گیا


علی گڑھ، 2نومبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے اے بی کے ہائی اسکول گرلس میں وجیلنس بیداری ہفتہ منایا گیا۔
 اس موقع پر طالبات کی ایک خصوصی اسمبلی منعقد کی گئی جس میں بچوں نے بدعنوانی کے خلاف ایک مختصر ڈراما پیش کیا، بدعنوانی کے خاتمہ کے موضوع پر تقریریں کیں اور ایمانداری و قانون کی حکمرانی کا حلف لیا۔ بچوں نے ایمانداری کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے پوسٹر بھی بنائے۔ 
 وجیلنس بیداری ہفتہ کے تحت طالبات نے اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول سے اولڈ بوائز لاج تک ایک سائیکل ریلی بھی نکالی ، جس میں انھوں نے قومی اتحاد کے نعرے لگائے۔ بچوں نے خود ہی سلوگن تیار کئے اور انھیں اپنی سائیکلوں پر نمایاں طریقہ سے لگایا تھا۔ 
 اس موقع پر وائس پرنسپل ڈاکٹر صبا حسن نے اپنی تقریر میں امن و بھائی چارہ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے حاضرین پر زور دیا کہ وہ ایمانداری کے ماحول کو فروغ دینے میں معاون بنیں۔ سینئر ٹیچر مس شاہانہ بیگم نے طالبات کو تلقین کی کہ وہ ملک کی فلاح و بہبود کے لئے آپس میں مل کر کام کریں۔ 
 پروگرام کوآرڈنیٹر ڈاکٹر فرحت پروین نے منتظمین میں شامل مس سِمّی شاہد، مس ثنا کنیز، مسٹر مہتاب احمد، مسٹر عمران ، مس غزالہ تنویر اور مسٹر نجم الرحمٰن سمیت دیگر افراد کا شکریہ ادا کیا۔