ـلکھنؤ:26اکتوبر ، 2019
اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے روشنی کے تہوار دیوالی کے مبارک موقع پر ریاست کے باشندوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی خوشحالی کی دعا کی ہے۔
آج یہاں جاری ایک تہنیتی پیغام میں وزیرا علیٰ نے کہا کہ دیوالی جھوٹ، ناانصافی اور استحصال کے خلاف جنگ اور فتح کا تہوار ہے۔ یہ اندھیرے پر روشنی، فریب پر سادہ لوحی کی فتح کی بھی علامت ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دیوالی تہوار کا انعقاد اس وقت سے ہوتا آرہا ہے جب لنکا فتح کرکے ١٤سال کے بن باس کے بعد بھگوان رام، ماتا سیتا اور لکشمن جی کے ساتھ اجودھیا پہنچے تھے۔ ان کی آمد پر اجودھیا کے باشندوں نے خوشی سے اماوس کی کالی رات کو چراغاں کر دیا تھا۔روشنی کا تہوار دیوالی اسی روایت کا پاسدار ہے۔
ریاستی حکومت بھگوان شری رام کے شہر اجودھیا میں دیوالی کے انعقاد کی قدیم اور قابل فخر روایت کو 'دیپ اُتسو' کے توسط سے از سر نو عالمی برادری کو اجودھیا کی عظمت سے شناساں کروانے کا کام کر رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے ریاست کے باشندوں سے ماحولیات کے تئیں بیدار رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پٹاخوں کا استعمال کرتے وقت بیداری اور حساسیت کا ثبوت دینا چاہئے۔