کانپور11 ستمبر:بانیُ اجلاس الحاج ڈاکٹر سید غلام محی الدین ہاشمی علیہ الرحمة کا قائم کردہ 106 واں دس روزہ قدیمی اجلاس بیادگار شہید اعظم و اصلاح معاشرہ کا آخری جلسہ عاشورہ کو صبح ہاشمی میڈیکل ہال چمن گنج میں منعقد ہوا بعدہُ جلسہ شہیدان کربلا و اہل بیت کے تبرکات کی زیارت کرائی گئی جسمیں بڑی تعداد میں عقیدت مند حاضر ہوئے اس سے قبل حضرت مولانا محمد اسرار بقائی نے خطاب فرماتے ہوئے کہا کہ واقعہُ کربلا سے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پر جو صدمہ جانکاہ گزرا اور ان کے قلب نازک کو جو دکھ پہونچا وہ انداز و قیاس سے باہر ہے حضرت سلمیٰ جو پیغمبر اسلام کے آزاد کردہ غلام حضرت ابو رافع رضی اللہ عنہ کی زوجہ ہیں وہ فرماتی ہیں کہ ام المومنین حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا کی خدمت میں حاضر ہوئی تو دیکھا کہ وہ رو رہی ہیں میں نے عرض کیا آپ رو کیوں رہی ہیں انھوں نے فرمایا میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو خواب میں دیکھا کہ ان کے سر مبارک اور ریش اقدس (داڑھی) پر گردوغبار ہے میں نے عرض کیا یا رسول اللہ آپ کا یہ کیا حال ہے؟فرمایا ابھی میں حسین کی شہادت گاہ گیا تھا اور حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ ایک روز دوپہر کے وقت خواب میں حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے جمال جہاں آرا کے دیدار سے مشرف ہوا میں نے دیکھا کہ حضور کے بال مبارک چہرہُ انور بکھرے ہوئے گرد آلود ہیں اور دست اقدس میں خون سے بھری بوتل ہے میں نے عرض کیا یا رسول اللہ میری جان آپ پر فدا اور میرے ماں باپ آپ پر قربان ہوں یہ بوتل کیسی ہے؟اور اس قدر رنج و ملال کیوں ہے؟ارشاد فرمایا کہ اس بوتل میں میرے نور نظر حسین اور ان کے جانثاروں کا خون ہے جسے میں آج صبح سے اٹھا رہا ہوں حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ میں نے اس وقت اور تاریخ کو یاد رکھا کچھ دنوں کے بعد جب خبر آئی تو معلوم ہوا کہ حضرت حسین اسی وقت شہید کئے گئے تھے جناب محمد نعیم چشتی، رئیس احمد نے بارگاہ امام عالی مقام میں منظوم خراج عقیدت پیش کیا جلسہ صلاة و سلام و دعا کے ساتھ اختتام پزید ہوا بعدہُ جلسہ تبرکات اہل بیت کی زیارت کرائی گئی جلسہ کے ناظم نشرو اشاعت حافظ سید محمد فیصل جعفری نے بتایا کہ تبرکات میں حضرت علی رضی اللہ عنہ کے ہاتھ کا لکھا ہوا قرآن پاک(کپڑے میں) ،حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کا کرتا مبارک،حضرت امام زین العابدین رضی اللہ عنہ کا پٹکا و سلوکہ مبارک،چھ ماہ کے معصوم حضرت علی اصغر رضی اللہ عنہ کا خون آلود کرتا مبارک اور خانہُ کعبہ کا ترشا ہوا پتھر ان سبھی مقدس تبرکات کی زیارت کرنے کیلئے کافی لوگ حاضر ہوئے پھول و عطر پیش کر منتیں و مرادیں مانگی جسمیں خواتین بھی بڑی تعداد میں تھیں زیارت کے وقت عقیدت مند حضرات کے آنکھوں سے اشک جاری تھے اس موقع پر حافظ سید محمد فیصل جعفری، ڈاکٹر سید اقبال احمد ہاشمی،ڈاکٹر سید آفتاب احمد ہاشمی،ڈاکٹر سید خورشید احمد ہاشمی،ڈاکٹر سید معین الدین ہاشمی،سید ذیشان احمد ہاشمی، سید خالد حسن،سید اسامہ ہاشمی،اقبال میر خاں صابری،عزیز احمد چشتی،محمد رضوان وغیرہ لوگ موجود تھے!
ہاشمی میڈیکل ہال میں شہیدان کربلا کے تبرکات کی زیارت کرائی گئی