قربانی کے جانور کے ہر ہر بال کے عوض نیکی ملنے کی بشارت: مولانا خلیل احمد مظاہری

جمعیۃ علماء شہر کانپور کے زیر اہتمام مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی کی زیر نگرانی جامع مسجد اشرف آباد میں جلسہ فضائل و مسائل کا انعقاد


کانپور: جمعیۃ علماء شہر کانپور کے زیر اہتمام شہری صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خاں کی قیادت میں منعقد کئے جا نے والے 9روزہ اجلاس فضائل و مسائل قربانی کے تحت جامع مسجد اشر ف آباد جاجمؤ میں جمعیۃ علماء شہر کانپور کے جنرل سکریٹری مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی کی نگرانی میں جلسہ فضائل و مسائل قربانی کا انعقاد ہوا۔ جلسہ سے خطاب فرماتے ہوئے کل ہند اسلامک علمی اکیڈمی کے جنرل سکریٹری مولانا خلیل احمد مظاہری امام و خطیب جامع مسجد لال بنگلہ نے کہا کہ ماہ ذی الحجہ اسلامی سال کا آخری مہینہ ہے اس مہینے سے کئی اہم عبادات وابستہ ہیں،حج  قربانی تکبیرات تشریق وغیرہ اس مہینہ کے پہلے عشرہ کی ہر رات شب قدر جیسی فضیلت رکھتی ہے جبکہ پہلی تاریخ سے نویں تاریخ تک کا ہر روزہ ایک سال کے روزہ کے برابر ہے اور عرفہ کا روزہ ایک سال اگلے اور ایک سال پچھلے گناہ معاف کر دیتا ہے۔
مولانا نے بتایاکہ ہر صاحب نصاب پر اس مہینہ میں قربانی واجب ہے اور یہ ایسی عبادت ہے کہ ان ایام میں اس سے بہتر کوئی عبادت نہیں یہ فلسفہ درست نہیں ہے کہ قربانی کے بجائے اتنے پیسے غربا میں صدقہ کردیا جائے کیونکہ ہر عمل کی ایک روح ہوتی اور وہ روح اسی عمل سے حاصل ہوگی دوسری عبادات اپنی جگہ پر اہم ہو سکتی ہیں لیکن قربانی کے ذریعہ سے جو روح شریعت پیدا کرنا چاہتی ہے وہ روح قربانی نہ کر کے پیسہ صدقہ کر دینے سے حاصل نہیں ہو گی۔قربانی جن حضرات پر واجب ہے وہ انتہائی خوش دلی کے ساتھ ادا کریں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے قربانی کے جانور کے ہر ہر بال کے عوض ایک نیکی ملنے کی بشارت آئی ہے قربانی کے مقدس عمل کو گھٹیا مقاصد مثلا ریاکاری،شہرت یانام ونمود سے پاک رکھا جائے کیونکہ یہ اس مقدس عمل کے عظیم ثواب کے بدلے حقیر سودا ہے۔آخرت میں ایسے عمل کا کوئی وزن نہیں ہوگا۔
جلسہ کے نگراں مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے جمعیۃ علماء کانپور کے زیر اہتمام منعقد کئے جانے والے 9روزہ اجلاس فضائل و مسائل قربانی کے مقاصد کو بیان کیا۔اس سے قبل جلسہ کا آغاز قاری صلاح الدین کفلیتوی نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔  حافظ محمد مسعود نے نعت و منقبت کا نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ مولانا خلیل احمد مظاہری کی دعاء پر جلسہ اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر جلسہ میں مولانا مفتی اسعد الدین قاسمی، مفتی سعود مرشد قاسمی، مولانا قاری شمس الہدیٰ قاسمی، قاری بدر الزماں قریشی، قاری محمد حذیفہ نقشبندی، مولوی محمد واصف محمودی، مولوی محمد ہلال محمودی، مولوی محمد حسین محمودی کے علاوہ کثیر تعداد میں مصلیان جامع مسجد اشرف آباد و مقامی عوام موجود رہے۔